لوک گلوکارہ شاردا سنہا کی آخری رسومات پٹنہ میں ادا کی جائیں گی

تاثیر  06  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 نومبر: بہار کوکیلا کے نام سے مشہور اور پدم بھوشن سے سرفراز لوک گلوکارہ شاردا سنہا کی آخری رسومات پٹنہ میں ادا کی جائیں گی۔ ان کا جسد خاکی دہلی کے پالم ہوائی اڈے سے ہوائی جہاز کے ذریعے بہار کی راجدھانی پٹنہ بھیجا جائے گا۔
شاردا سنہا نے منگل کی رات 9.20 بجے دہلی ایمس میں 72 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ وہ چھ سال سے بلڈ کینسر میں مبتلا تھیں۔ 26 اکتوبر کو جب ان کی طبیعت بگڑی تو انہیں ایمس کے کینسر سینٹر کے میڈیکل آنکولوجی وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پٹنہ میں دوپہر 12 بجے کے بعد ان کے رشتہ دار اور چاہنے والے شاردا سنہا کا آخری دیدار کرسکیں گے۔ ان کی آخری رسومات جمعرات کو پورے اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
بہار کے سپول ضلع کے ہلاس گاوں میں پیدا ہوئیں ہندوستانی لوک موسیقی کی مشہور گلوکارہ شاردا سنہا نے اپنے مدھر گانوں سے نئی جہتیں قائم کیں۔ شاردا سنہا کے انتقال پر صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی شخصیات نے غم کا اظہار کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شاردا سنہا کو میتھلی اور بھوجپوری موسیقی میں ان کی اہم شراکت کے لیے جانا جاتا ہے۔