تاثیر 21 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 21 جون: 11ویں بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سینی نے کہا کہ یوگا کو ریاست کی تمام یونیورسٹیوں کے تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے لیے یکساں یوگا نصاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ اعلان آج کروکشیتر میں منعقد ریاستی سطح کے یوگا تقریب میں کیا۔
کروکشیتر میں یوگا گرو سوامی رام دیو نے سب کو یوگا کروایا۔ گورنر بنڈارو دتاتریہ، وزیر صحت آرتی راو، کروکشیتر کے رکن پارلیمنٹ نوین جندل اور کئی دیگر معززین نے اس میں شرکت کی۔ بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر ہریانہ کے تمام اضلاع، اسمبلی حلقوں اور 121 بلاکس میں یوگا ڈے کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں یوگا ریسرچ کو فروغ دینے کے لیے یوگا لیکھک پروتساہن یوجنا نافذ کیا جائے گا۔ یوگا لکھنے والوں کو ہر سال سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں یوگا کی کارکردگی کو کریڈٹ پر مبنی امتحانی نظام کے طور پر جانچا جائے گا۔ یوگا اور نیچروپیتھی کے مضامین کو اس سال سے ہی آیوش میڈیکل سسٹم کے تحت تسلیم کیا جائے گا۔ ان مضامین کے ڈاکٹروں کی ریاستی رجسٹریشن بھی شروع ہو جائے گی۔

