تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پیرس،22جون:فرانس کے وزیر دفاع سباستیان لیکورنو نے خبردار کیا ہے کہ ایران کا خطرہ حقیقی ہے اور اسے سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری بم بنانے کے تمام وسائل موجود ہیں۔فرانسیسی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے بعض بیلسٹک میزائل فرانس کی سرزمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے بہ قول ایران چند ہی دنوں میں 90 فیصد تک یورینیم کو افزودہ کرنے کی سطح تک پہنچ سکتا ہے، جو کہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیے ضروری حد سمجھی جاتی ہے۔لیکورنو نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ایران اس سطح تک پہنچ گیا تو وہ دس ایٹمی بم تیار کرنے کے قابل ہو جائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو فوری طور پر روکنا ہوگا تاکہ صورت حال کسی بند گلی میں نہ پہنچ جائے۔
یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب ایران کے صدر مسعود بزشکیان نے فرانسیسی صدر عمانویل میکروں کو ٹیلیفون پر بتایا کہ اگر اسرائیل کے حملے جاری رہے تو تہران کا ردعمل مزید سخت ہوگا۔
صدر بزشکیان نے کہا کہ ایران کسی بھی حال میں اپنے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ’ہم کسی بھی صورت میں اپنی جوہری سرگرمیوں کو صفر پر نہیں لائیں گے اور اگر صہیونی ریاست نے جارحیت جاری رکھی تو ہمارا ردعمل اور زیادہ سخت ہوگا۔’جنگ اور دھمکی سے حقوق نہیں چھینے جا سکتے‘ صدر ایران کا کہنا تھا کہ ’حقوق کو جنگ اور دھمکیوں سے سلب نہیں کیا جا سکتا‘۔

