تاثیر 23 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،23جون:اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کی جانب سے کیے گئے حملے کا جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج امریکی حملوں کے جواب میں ردعمل کا وقت، نوعیت اور دائرہ خود متعین کریں گی اور یہ کارروائی مکمل طور پر متناسب ہوگی۔ایروانی نے واضح کیا کہ امریکہ کی جانب سے تہران پر جو الزامات عائد کیے جا رہے ہیں وہ بے بنیاد، سیاسی مقاصد پر مبنی اور قانونی جواز سے محروم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ایران پر حملے کے لیے خود ساختہ بہانے تراشے اور اس جارحیت کے ذریعے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کی۔ایرانی مندوب نے مزید کہا کہ مریکہ نے بنجمن نیتن یاھو کی حمایت میں اپنے قومی سکیورٹی مفادات کو قربان کر دیا ہے”۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ “ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب ہونے کے الزامات کا کوئی ثبوت موجود نہیں”۔

