تریپورہ کے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے سرحدی علاقے سے تین خون آلود لاشیں برآمد

تاثیر 17 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اگرتلہ، 16 اکتوبر: بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل تریپورہ کے کھوئی ضلع کے اننت پارہ میں ایک ربڑ کے باغ میں جمعرات کی صبح خون میں لت پت تین افراد کی لاشوں کی بر آمد نے علاقے میں ہلچل مچادی۔جمعرات کی صبح ربرکے باغات پر پہنچنے والے مزدوروں نے یہ واقعہ دیکھا اور دوسروں کو آگاہ کیا۔ خبر پھیلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ شبہ ہے کہ ہلاک ہونے والے بنگلہ دیشی اسمگلر یا چور ہوسکتے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ کسی نے انہیں کل رات ربر کے باغ میں پایا اور مار مار کر ہلاک کر دیا۔ فی الحال تفتیش جاری ہے۔ضلع کھوئی کے سینئر پولیس افسران بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔