تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ، 22 اپریل: نائب صدر جمہوریہ ہند سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے بدھ کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں گزشتہ سال ہوئے دہشت گردانہ حملے کی برسی پر جاں بحق ہونے والوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔
نائب صدرجمہوریہ ہند سی پی رادھا کرشنن نے پہلگام حملے کو’ بزدلانہ اور سفاکانہ فعل ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جانیں ضائع ہونے والی ہماری اجتماعی یاد میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں امن، اتحاد اور انسانیت کی اقدار کو مجروح نہیں کر سکتیں۔ ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں ان معصوم لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے گزشتہ سال اس دن پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوائیں۔ متاثرین کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ قوم غم کی اس گھڑی میں متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف اس کا عزم غیر متزلزل ہے۔

