علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سول انجینئرنگ میں اسمارٹ کلاس رومز اور جدید ماحولیاتی تجربہ گاہ کا افتتاح

تاثیر 10 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ 10, مئی :۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سول انجینئرنگ میں دو اسمارٹ کلاس رومز اور ایک جدید ترین ایڈوانسڈ انوائرمنٹل لیبارٹری کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے حاجی محمد ظہیر قریشی، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر محمد عاصم ظفر کی موجودگی میں کیا۔ اسمارٹ کلاس رومز کی تعمیر صنعت کار حاجی محمد ظہیر قریشی، منیجنگ ڈائریکٹر، الحمد ایگرو فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ، کی جانب سے دی گئی مالی معاونت سے کی گئی، جبکہ ایڈوانسڈ انوائرمنٹل لیبارٹری، شعبہ کے کنسلٹنسی فنڈ کے ذریعہ قائم کی گئی ہے۔
اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے نئی تعمیر شدہ سہولیات کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید کلاس رومز اور اعلیٰ تجربہ گاہیں معیاری تعلیم، تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سہولیات طلبہ کو بہتر تعلیمی و عملی تجربہ فراہم کریں گی۔