تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 3 جون: دہلی کے جگت پور گاؤں میں او-زون کے بارے میں انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے منگل کی دیر رات بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کی رہائش گاہ پر اے اے پی ایم ایل اے اور ان کے حامیوںکے پہنچنے پر ہنگامہ ہوگیا ،لیکن پولیس نے بروقت انہیں وہاں سے ہٹا دیا۔
آج یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی منوج تیواری نے کہا کہ براڑی کے ایم ایل اے سنجیو جھا اور جھڑودا کے کونسلر گگن چودھری سرکاری زمین پر اپنی ہی تجاوزات کو بچانے کے لیے عوام کو گمراہ کرنے اور اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے سنجیو جھا اور کونسلر گگن چودھری ان کے گھر گئے تھے۔ رکن پارلیمنٹ نے دعویٰ کیا کہ دونوں نے اپنی غیر قانونی طور پر قبضے کی زمین کو بچانے کی سازش کی اور گاؤں والوں کو گمراہ کر کے حکومت کو بدنام کر رہے ہیں۔
ایم پی منوج تیواری نے واضح طور پر کہا کہ او-زون قوانین کے تحت ان علاقوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے جو پہلے ہی پشتے کے پیچھے ہیں اور یمنا کی طرف نہیں، جہاں پچھلے 25 سے 30 سالوں سے پشتوں کا سیلابی پانی نہیں پہنچا ہے۔

