ایران کے ساتھ مذاکرات کے نتائج بہت جلد سامنے آ ئیں گے : ٹرمپ کا دعویٰ

تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،04جون:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے نتائج اس ہفتے کے اختتام تک سامنے آ سکتے ہیں تاہم ان کا ناکام ہونا خارج از امکان نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کو بہت اچھا قرار دیا اور ایرانی حکام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاہدے پر دستخط کے قریب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی صورتحال غیر مستحکم ہے اور کچھ بھی ہو سکتا ہے، لیکن ترجیح ایک تحریری معاہدہ ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ ایرانی حکام نے کئی بار اپنی رائے تبدیل کی ہے، لیکن توقع ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں کسی وقت معاہدہ ہو جائے گا۔ایران کے اعلیٰ افزودہ یورینیم کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسے حاصل کرنا چاہتے ہیں اور امریکہ کبھی بھی ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔