تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
اتوار کے روز سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے ڈی آئی جی اے کے سی سنگھ نے بھارت-نیپال سرحد سے متصل بی او پیز تولبھٹّا، کھٹکھٹی اور کُرلی کوٹ کا دورہ کر سرحدی سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بی او پیز میں تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ میٹنگ کر کے ایس ایس بی کی مختلف ذمہ داریوں اور فرائض کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرحد پر تعینات ہر جوان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے عملی تجربات سنے اور مشکل حالات میں بھی فرض شناسی، ایمانداری اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دینے پر ان کی ستائش کی۔ معائنے کے دوران ڈی آئی جی نے بین الاقوامی سرحد پر کڑی نگرانی، مسلسل گشت اور حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سرحدی علاقوں کے عوام سے مستقل رابطہ برقرار رکھنے، عوامی شراکت داری کو فروغ دینے اور مقامی لوگوں کے تعاون سے سرحدی سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور دیگر سرحد پار جرائم کی روک تھام کے لیے خفیہ نظام کو مزید فعال رکھنے اور بروقت کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ دورے کے دوران ڈی آئی جی اے کے سی سنگھ نے بی او پی احاطے میں پودا لگا کر ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آخر میں انہوں نے ملک کی سلامتی، عوام کی خوشحالی اور بھارت کی ہمہ جہت ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں پوری دیانت داری، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔

