تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 جولائی:کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے کہا کہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں پارٹی کئی مسائل اٹھائے گی، جن میں خارجہ پالیسی، بہار میں اسپیشل انسینٹیو رویژن(ایس آئی آر)، الیکشن کمیشن کے کام کاج، حد بندی، ایک ملک، ایک انتخاب، اور ایودھیا رام مندر میں عطیات میں مبینہ بے ضابطگیاں شامل ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے جمہوری اداروں اور انتخابی نظام پر مسلسل سوالات اٹھ رہے ہیں، جب کہ حکومت اہم ایشوز پر بات کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
ہفتہ کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس ریاستوں میں تنظیمی میٹنگوں کا انعقاد کرتے ہوئے آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 سیاسی جماعتوں اور آزاد رکن پارلیمنٹ کپل سبل نے چیف جسٹس کو خط لکھ کر بہار میں ایس آئی آر کے عمل اور الیکشن کمیشن کے کام کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لاکھوں لوگوں کو ووٹر لسٹوں سے نکالا جا رہا ہے جس سے انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد ختم ہو رہا ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے میں مناسب مداخلت کرے گی۔

