اے آر رحمان کے بیٹے کار حادثے میں زخمی، بال بال بچے

تاثیر 10 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنئی (تمل ناڈو)، 10 اگست: معروف موسیقار اے آر رحمان کے بیٹے اے آر امین کی لگژری کار آج صبح چنئی کے گینڈی میں اولمپیا ٹیک پارک کے قریب ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی۔ واقعے میں وہ معمولی زخمی ہوگئے اور بال بال بچے۔ اڈیار پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ آج صبح تقریبا 3 بج کر 30 منٹ پر امین اپنے ایک دوست کے ساتھ کار میں گینڈی کی طرف جا رہے تھے۔ کار گینڈی اولمپیا ٹیک پارک کے سگنل کے قریب پہنچی لیکن بغل کی طرف سے آنے والی ایک اور کار نے اسے ٹکر مار دی۔ اس دوران دونوں گاڑیوں کے سائڈکو نقصان پہنچا۔
اے آر رحمان کے بیٹے امین اور اس کے دوست کو صرف معمولی خروچ اور زخم آئے۔ اس کے بعد وہ فوری طور پر قریبی نجی اسپتال گئے جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور وہ بحفاظت گھر لوٹ آئے۔ دوسری کار میں سوار ریپڈو ڈرائیور/مسافر کو بھی معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس کے مطابق وہ سرکاری اسپتال گیا اور علاج کے بعد گھر لوٹ آیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچی اڈیار ٹریفک انویسٹی گیشن ڈویژن پولیس نے حادثے میں ملوث دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا۔ واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔