تاثیر 10 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 اگست: دہلی میں مظاہرین طلبا کے خلاف پولیس کی مبینہ بربریت کے معاملے میں کانگریس پارٹی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے وزیر داخلہ امت شاہ کو ایوان میں طلبکرکے تفصیلی بیان دینے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے اس حوالے سے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھ کر اس معاملے کی فوری طور پر پارلیمانی تحقیقات کرانے اور وزیر داخلہ کی جوابدہی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر لکھے خط میں وینوگوپال نے کہا کہ دہلی میں اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کرنے والے طلبا کے خلاف پولیس کی طرف سے طاقت کا بے تحاشہ استعمال، جس میں پیلٹ گن کے استعمال کی رپورٹ بھی شامل ہیں، ایک سنگین قومی تشویش کا معاملہ ہے۔ اس معاملے میں فوری پارلیمانی نگرانی اورجانچ کی ضرورت ہے۔
وینوگوپال نے خط میں کہا کہ دہلی پولیس براہ راست مرکزی وزارت داخلہ کے تحت کام کرتی ہے، اس لیے پولیس کی کارروائی کی حتمی ذمہ داری وزیر داخلہ امت شاہ کی ہے۔ انہوں نے حکومت ہند کے کام کاج کے تقسیم کے قواعد اور آئین کے آرٹیکل 77 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ اپنی وزارت کے دائرہ اختیار میں تمام معاملات کے لئے ذمہ دار ہے۔ آئین کے آرٹیکل 75(3) کے تحت لوک سبھا میں وزرا کی کونسل کی اجتماعی ذمہ داری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اپنے افسران کے ذریعہ کئے گئے تمام اقدامات کے لئے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے۔

