تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 16 ستمبر: ڈھاکہ یونیورسٹی سینٹرل اسٹوڈنٹس یونین (ڈی یو سی ایس یو) کے تجدید شدہ میوزیم/ آرکائیو میں بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کی تصاویر لگانے پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ تصاویر کی نمائش کے خلاف طلبہ تنظیموں نے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران جناح کی ایک تصویر اور ان سے متعلق اخبار کے تراشے کو پھاڑ کر تلف کر دیا گیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنوں نے اسی مقام پر جماعت اسلامی کے سابق امیر غلام اعظم کی 1981 میں پٹائی کی تصویر لگا دی۔
ڈی یو سی ایس یو نے اتوار کے روز تزئین و آرائش کے بعد میوزیم کو دوبارہ کھولا تھا۔ اس میں جناح سے متعلق تین نئے مواد شامل کئے گئے تھے۔ ان میں 21 مارچ 1948 کو ڈھاکہ کے ریس کورس میدان میں جناح کی تقریر کی تصویر، 1940 کے لاہور اجلاس کی تصویر اور 1970 کے انتخابات سے متعلق روزنامہ ’ڈان‘ کی تراش شامل تھی۔ 1948 کی تقریر میں جناح نے اردو کو پاکستان کی واحد قومی زبان قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔

