مرشد آبادمیں آن لائن ٹھگی نیٹ ورک کے معاملے میں ای ڈی کی چھاپہ ماری

تاثیر28 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مرشد آباد، 28 ستمبر: ضلع کے ساگر دیگھی علاقے میں پیر کی صبح انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چھاپہ ماری سے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ ای ڈی کی ٹیم نے ساگر دیگھی تھانہ علاقے کے قابِل پور میں سہیل شیخ نامی نوجوان کے گھر پر تلاشی مہم چلائی۔ مرکزی سکیورٹی فورسز کی حفاظت میں ای ڈی کے افسران گھر کے اندر داخل ہوئے اور تفتیش شروع کی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی آن لائن ٹھگی کے ایک نیٹ ورک سے سہیل شیخ کے مبینہ تعلقات کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ صبح اچانک ای ڈی کی ٹیم کے پہنچنے کے بعد علاقے میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی۔ تاہم سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر مرکزی فورسز نے گھر کے آس پاس لوگوں کی آمدورفت کو محدود رکھا۔
بتایا گیا ہے کہ تقریباً تین رکنی ای ڈی ٹیم مرکزی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ قابِل پور میں سہیل شیخ کے گھر پہنچی۔ گھر کے مختلف حصوں میں تلاشی شروع کی گئی۔ تلاشی کے دوران افسران نے مبینہ طور پر کچھ دستاویزات اور دیگر سامان کی جانچ کی۔ تاہم چھاپہ ماری کے دوران اب تک کیا کچھ برآمد ہوا ہے، اس بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔