تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پوچیفسٹروم، 29 ستمبر:جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے سے قبل آسٹریلیا کو چوٹ کا دوہرا جھٹکا لگا ہے۔ تیز گیند باز ناتھن ایلس سائیڈ اسٹرین کے سبب مقابلے سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر جوئل ڈیوس ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے وطن واپس لوٹیں گے۔ ایلس کو جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران چوٹ لگ گئی تھی۔ انہوں نے چار اوورز گیند بازی کرنے کے بعد بائیں حصے میں کھینچاو محسوس کیا اور اپنا اسپیل مکمل نہیں کرسکے۔ اس مقابلے میں جنوبی افریقہ نے 365 رن بنائے تھے اور آسٹریلیا کو32 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریزمیں 0-2 کی ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کرلی۔ایلس اس دورے پر آسٹریلیا کے اہم گیند بازوں میں شامل رہے ہیں۔ وہ مزید جانچ اورری ہیبلیٹیشن کے لیے آسٹریلیا واپس جائیں گے۔ ٹیم کوامید ہے کہ وہ 13 نومبر سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی گھریلو ون ڈے سیریز تک فٹ ہو جائیں گے۔ ایلس اس دورے پرزخمی ہونے والے آسٹریلیا کے دوسرے تیز گیند باز ہیں۔ اس سے قبل زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران بلی اسٹین لیک زخمی ہوکرباہر ہوگئے تھے۔تیسرے ون ڈے کے لیے آسٹریلیا کے پاس اب صرف چار فٹ ماہر تیز گیند باز دستیاب ہیں۔ پیٹ کمنز ابتدائی دو میچوں سے باہر رہنے کے بعد واپسی کر سکتے ہیں، جبکہ دوسرے ون ڈے میں آرام دیے گئے مچل اسٹارک کے بھی کھیلنے کا امکان ہے۔

