بحریہ کیلئے 661 کروڑ روپے میں براہموس فائر کنٹرول سسٹم اور لانچر خریدنے کا معاہدہ

تاثیر6 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 اکتوبر: بھارتی بحریہ کے لیے براہموس فائر کنٹرول سسٹم اور لانچر خریدنے کے سلسلے میں وزارت دفاع نے منگل کو نئی دہلی میں براہموس ایرو اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ (بی اے پی ایل) کے ساتھ 661 کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ خریداری ’انڈین-ایڈیم‘ زمرے کے تحت کی جائے گی۔ معاہدے پر دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
وزارت دفاع کے مطابق اس منصوبے میں کم از کم 68 فیصد ملکی مواد استعمال کیا جائے گا۔ اس سے چھوٹی صنعتوں سمیت مختلف بھارتی صنعتی اداروں کی فعال شمولیت کو فروغ ملے گا اور تین سال کے دوران روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزارت کے مطابق یہ معاہدہ بھارت کے بحری سلامتی کے نظام اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر تیار کرنے کی کوششوں میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
مختلف جنگی جہازوں پر نصب براہموس نظام بھارتی بحریہ کا بنیادی سطح سے سطح پر مار کرنے والا میزائل نظام ہے۔ یہ ہائپر سونک رفتار سے طویل فاصلے تک زمین اور سمندر میں موجود اہداف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارتی بحریہ نے مقامی بوسٹر سے لیس براہموس میزائل کے اینٹی شپ ورژن کا کامیاب تجربہ بھی کیا ہے۔ اس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جو دفاعی شعبے میں خود کفالت کی جانب بحریہ کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔براہموس میزائل بھارت اور روس کے مشترکہ منصوبے کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، جس میں ڈی آر ڈی او بھارتی فریق کی نمائندگی کرتا ہے۔ بھارتی بحریہ اپنے جنگی جہازوں آئی این ایس وشاکھاپٹنم، آئی این ایس مورموگاؤ، آئی این ایس دہلی، آئی این ایس رنوے جے اور آئی این ایس چنئی سے براہموس سپرسانک کروز میزائل کے مختلف تجربات کر چکی ہے۔