چیف سکریٹری نے پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لداخ،28 اکتوبر:لداخ میں 21 نومبرکوہونے والے پنچایتی اوربلدیاتی انتخابات کے پیش نظرچیف سکریٹری آشیش کندرا نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق لداخ کی 193 پنچایتوں میں انتخابات ہوں گے، جبکہ انتخابی عمل 30 نومبرتک مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لیہہ اور کارگل میں بلدیاتی انتخابات بھی منعقد ہوں گے۔ لداخ میں آخری مرتبہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات 2018 میں ہوئے تھے اور ان اداروں کی مدت نومبر 2023 میں ختم ہو گئی تھی۔لیہہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سکریٹری نے انتخابی انتظامات، پولنگ عملے کی تعیناتی و تربیت، انتخابی مواد کی دستیابی اور پولنگ پارٹیوں کی روانگی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انتخابات کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے مختلف محکموں کے درمیان تال میل اور مؤثر منصوبہ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے دور دراز اور برف باری سے متاثر ہونے والے علاقوں میں پولنگ مراکز تک رسائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔