ذاتی ID پر ٹکٹ کے کاروبار کا انکشاف

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Jan.

سائبر کیفے آپریٹر سمیت دو گرفتار,15 ٹکٹیں بھی برآمد، لیپ ٹاپ کمپیوٹر ضبط

 سمستی پور مورخہ 8/جنوری (محمد خورشید عالم ) ریلوے کی آر پی ایف ٹیم نے اتوار کی شام سمستی پور ضلع کے وارث نگر تھانہ علاقے کے تحت ستمل پور چوک میں ایک سائبر کیفے پر چھاپہ مارا اور پرسنل آئی ڈی پر ٹکٹ کے غیر قانونی کاروبار کا انکشاف کیا۔ اس دوران پولیس نے سائبر کیفے سے ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے بک کیے گئے 15 ٹکٹ بھی برآمد کیے ہیں۔ اس دوران پولیس نے سائبر کیفے آپریٹر اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار آپریٹر کی شناخت نوین نائک ولد گنگا پرساد نائک اور رام بابو نائک ولد کپلیشور نائک کے طور پر کی گئی ہے جو وارث نگر تھانہ علاقہ کے تحت ستمل پور گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آر پی ایف کے ڈی جی پی کنٹرول دہلی کی اطلاع کی بنیاد پر آر پی ایف نے یہ کارروائی کی ہے۔ آر پی ایف کی اس کارروائی کے بعد جعلی ٹکٹوں کے کاروبار میں ملوث لوگوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آر پی ایف کے ڈی جی پی کنٹرول روم دہلی نے اطلاع دی تھی کہ سمستی پور ضلع کے وارث نگر تھانہ علاقے کے ستمل پور چوک پر واقع سائبر کیفے میں ٹکٹوں کا غیر قانونی کاروبار ہو رہا ہے۔ سمستی پور پوسٹ کے انسپکٹر وید پرکاش ورما کی قیادت میں آر پی ایف پولیس ٹیم نے چھاپہ مارا۔ اس دوران دکان سے سمستی پور سے ہندوستان کے مختلف مقامات پر کٹے ہوئے 15 ٹکٹ برآمد ہوئے۔ اس دوران پولیس نے دکان سے لیپ ٹاپ، پرنٹر، کمپیوٹر، اسکینر اور دیگر اشیاء ضبط کر لی۔ دوسری طرف سمستی پور آر پی ایف چوکی پر اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اور پولیس نے دونوں گرفتار غیر قانونی ٹکٹ ڈیلروں کو طبی معائنے کے بعد جیل بھیج دیا ہے۔