نوادہ میں ڈاکٹر کی لاپروائی سے نوجوان کی موت، توڑ پھوڑ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –23  MAY

نوادہ ، 23 مئی: نوادہ ضلع کے رجولی میں پیر کی رات نگر پنچایت کے گھسیا ڈیہہ کے رجولی بائی پاس واقع آکاش نرسنگ ہوم میں علاج کے دوران ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ نوجوان کو پیٹ میں درد کی شکایت پر اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن ڈاکٹر کی لاپروائی سے اس کی موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد جھولا چھاپ ڈاکٹر فرار ہوگئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ تھانہ علاقہ کے لکشمی بیگھا گاو?ں کے 22 سالہ نوجوان سورج کمار کے پیٹ میں درد ہوا۔ اہل خانہ نے آناً فاناً میں بائی پاس واقع آکاش نرسنگ ہوم میں علاج کے لئے داخل کرایا۔ اس کے بعد جھولا چھاپ ڈاکٹر کی دیکھ ریکھ میں علاج شروع کیا گیا جس ک بعد نوجوان کی طبیعت اور زیادہ خراب ہوگئی۔
نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر اس نوجوان کو صدر اسپتال نوادہ ریفر کر کے فرار ہوگئے۔ لواحقین کو کچھ سمجھ آنے تک نوجوان کی موت ہو چکی تھی۔ موت کی خبر سنتے ہی لواحقین چیخ چیخ کر رونے لگے۔ مشتعل رشتہ داروں اور دیگر نے ہنگامہ آرائی کی اور اسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ڈی پی او پنکج کمار ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔
دراصل مذکورہ اسپتال میں اب تک نصف درجن سے زائد مریضوں کی موت ہوچکی ہے لیکن آج تک محکمہ صحت نے سننے کی زحمت تک نہیں کی اور نہ ہی مذکورہ اسپتال کی انتظامیہ کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی کی گئی۔