تاثیر،۴ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4دسمبر:جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تینوں فارمیٹس میں مختلف کپتان بنائے گئے ہیں۔ کے ایل راہل ون ڈے کی کمان سنبھالیں گے، ٹیسٹ کی روہت شرما جب کہ ٹی ٹوئنٹی کی کمان سوریہ کمار یادو کو دی گئی ہے۔ سابق کرکٹر عرفان پٹھان اس سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر ہمارے کلچر میں ایسا ہو رہا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔تینوں فارمیٹس میں مختلف کپتان بنائے جانے پر اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے، عرفان پٹھان نے کہا کہ یہ یقینی طور پر مستقبل کے لیے اچھا ہو سکتا ہے، کافی عرصے سے یہ بات ہو رہی ہے کہ تینوں فارمیٹس میں مختلف کپتان ہونے چاہیے۔ یہ درست ہے کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کا معاملہ یہیں اٹک جاتا ہے۔ اسی لیے آپ کو مختلف فارمیٹس میں مختلف کپتان اور مختلف اسکواڈ نظر آرہے ہیں۔عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ یہ سچ ہے کہ روہت شرما وائٹ بال کرکٹ سے وقفہ لینا چاہتے ہیں۔ اس لیے وہ وائٹ بال سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔ آپ اسے ٹیسٹ میچوں میں کپتان کے طور پر دیکھیں گے۔ آنے والے وقت میں ہر فارمیٹ کے لیے کوچز بھی تبدیل ہوں گے۔ میرا خیال ہے کہ یہ ہمار ے کلچر میں نہ ہوتا تو بہتر ہوتا۔ عرفان کا صاف کہنا ہے کہ وہ مختلف کپتانوں کو مختلف فارمیٹس میں نہیں دیکھنا چاہتے۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے : روہت شرما (کپتان)، شبھ من گل، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، شاردول ٹھاکر، محمد سراج، مکیش کمار، محمد شامی، جس پریت بمراہ (نائب کپتان) اور پرسدھ کرشنا۔

