تاثیر،۲۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سنگھوارہ دربھنگہ ( محمد مصطفی) مقامی بلاک حلقہ کے بھوانی پور پنچایت کے بھپورہ گاؤں میں 21 جنوری کو غیر قانونی جلوس نکال کر اور اس میں پتھراو کر ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دینے والے دونوں فرقوں کے خلاف سنگھوارہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں 22 افراد کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے جبکہ 25 نامعلوم کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق سنگھوارہ تھانہ حلقہ کے بھپورہ گاؤں میں ڈی جے پر پتھراؤ کو لے کر دو فریقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اس بابت سنگھوارہ تھانہ صدر سیلش کمار نے کارروائی کرتے ہوئے 22 نامزد اور 25 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اے ایس آئی سریندر کمار سنگھ کی درخواست پر یہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور بروقت کاروائی کرتے ہوئے بھپورہ گاؤں کے محمد حیدر، کلواڑہ کے محمد نازش اور ارجن یادو کو گرفتار کرکے منگل کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات ہنوز کشیدہ مگر پورے طور پر قابو میں ہے۔ جائے واردات پر سیکورٹی لگادی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ 21 جنوری کو رام للا پران پرتشٹھان تقریب کے لئے کلواڑہ سے نکالے گئے غیر قانونی جلوس کی ڈی جے گاڑی پر پتھراو کر نقصان پہنچایا گیا تھا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران دو موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ افراتفری میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ سٹی ایس پی ساگر کمار سمیت کئی پولس افسران نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا اور گاؤں میں فلیگ مارچ کیا۔

