تاثیر ۱۶ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ16 اگست (پریس ریلیز)ہولی ویژن پبلک اسکول سمن پورہ پٹنہ میں یوم آزادی نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا۔ ننھے ننھے بچے اوربچیاں ہاتھوں میں ترنگا لیے اسکول کے احاطے میں جمع تھے۔ ہو لی ویژن اسکول کا پورااحاطہ حب الوطنی کے جذبے میں شرابور دکھائی دے رہا تھا۔ پرچم کشائی اسکول کے ڈائرکٹر محمد صابر اورپرنسپل سیفی امیر الدین ہاشمی نے کی۔اس کے بعدطالبات کے ایک گروپ نے علامہ اقبال کی نظم’سارے جہاں سے اچھاہندوستان ہمارا‘ پیش کیا۔اس کے بعد تقریر کا سلسلہ شروع ہوا۔جماعت ہشتم کی طالبہ زینب فاطمہ نے اردو میں ، جماعت نہم کی طالبہ مبشرہ ضیاء نے ہندی میں اور اورجماعت ہشتم کی طالبہ مشیرہ اظہار نے انگریزی زبان میں اپنے خیالات کااظہار کیا۔طالبات نے نہایت ہی جامع اورموثراندازمیں ملک کی آزادی کاذکرکرتے ہوئے جنگ آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے علماء کرام اور دیگرمجاہدین آزادکی خدمات پر روشنی ڈالی۔ جماعت ہفتہ کی طالبہ عافرہ ملک نے حب الوطنی پر مبنی گیت پیش کیا۔اس موقع پر اسکول کے سابق طالب علم محمدسفیان جن کی سکریٹریٹ تھانہ میں سب انسپکٹرکے عہدہ پر بحالی ہوئی پرچم کشائی کے موقع پر بھی موجود تھے۔
اس موقع پراسکول کے ڈائریکٹر محمد صابرنے آزادی کا مطلب بیان کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم کسی کے ساتھ بھید بھاؤ کریں، بلکہ آزادی کا مطلب یہ ہے کہ ہم ملک کے ہرطبقہ اور برادری کے لوگوں اور ملک میں رہنے اور بسنے والی اللہ کی تمام مخلوقات کو ایک نگاہ سے دیکھیں۔انہوں نے کہاکہ ہم آزادی کا جشن منانے وقت اپنا ہوش وحواس اس حد تک نہ کھودیں کہ ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوراتحاد وسالمیت خطرے میں پرجائے۔طالبہ کی پروگرام میں دلچسپی کودیکھتے ہوئے محمد صابرنے موقع پر موجود بچوں اور بچیوں کے والدین اور سرپرستوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جب ایک بچہ پڑھتا ہے تو ایک فرد پڑھتا ہے لیکن جب ایک بچی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوتی ہے تو پوراخاندان اورکنبہ علم وادب کو گہوارہ بن جاتا ہے ،اس لئے بچوں کے ساتھ بچیوں کی تعلیم وتربیت پربھی خصوصی توجہ دیں ۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اورطلبا و طالبات کے علاوہ بڑی تعداد میںگارجین حضرات اورمقامی لوگ بھی موجود تھے ۔نظامت کے فرائض جماعت نہم کی طالبہ شائستہ نازاورزارا حیات نے انجام دیئے۔پروگرام کے اختتام پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبا و طالبات اورشرکاء کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔