تاثیر ۲۷ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 27 ستمبر:اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو ختم کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر پاکستان کی حمایت سے کہیں بھی دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی تو وہ اپنے بدترین انجام کو پہنچیں گے۔ یہ نیا ہندوستان ہے، جو دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا بلکہ اسے کچل کر دفن کر دے گا۔یوگی آدتیہ ناتھ نے ادھم پور ضلع کے رام نگر علاقے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ اگر کسی نے پاکستان کی مدد سے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے بیج بونے کی کوشش کی تو انہیں نہ کفن نصیب ہو گا اور نہ دفن کے لیے دو گز زمین ملے گی۔