منیش سسودیا نے جنگ پورہ اسمبلی حلقہ کے لیے تعلیمی منشور جاری کیا

تاثیر  29  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 دسمبر: دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے اتوار کو اپنے اسمبلی حلقہ جنگ پورہ کے بچوں کا مستقبل سنوارنے کا اعلان کیا۔ اپنے تعلیمی منشور میں انہوں نے تعلیم کو اہمیت دیتے ہوئے سرکاری اور امدادی اسکولوں کو تبدیل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
سسودیا نے کہا کہ وزیر تعلیم کے طور پر کام کرتے ہوئے میں نے دہلی کے ہر بچے کو اچھی تعلیم فراہم کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ اب جنگ پورہ سے ایم ایل اے بننے کے بعد علاقے کے اسکولوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا کام کروں گا۔ تمام سہولیات سے آراستہ دو نئے سکول یہاں سرائے کالے خان اور حضرت نظام الدین کے علاقوں میں بنائے جائیں گے۔ سرکاری سکولوں کی طرح علاقے کے تمام امدادی اسکولوں میں بھی تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور پرائیویٹ سکولوں کو فیسوں میں من مانی اضافہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندی، انگریزی، پنجابی اور اردو کے ساتھ ساتھ ان ہندوستانی زبانوں کے اساتذہ کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی جو وہاں پڑھنے والے بچوں کی مادری زبان ہیں۔