تاثیر 07 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کھٹمنڈو، 7 جنوری : منگل کی صبح تبت اور نیپال کے بڑے حصوں میں آنے والے زلزلے نے تبت میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ 7.1 کی شدت کے زلزلے میں 50 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں زیادہ تر عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور کچھ عمارتیں منہدم بھی ہوئی ہیں۔
تبت کے شیگٹسے میں آج صبح آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے سے اب تک 53 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا شنہوا کے مطابق صبح 11 بجے تک زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 53 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 63 زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف ایک گھنٹہ قبل مرنے والوں کی تعداد 36 بتائی گئی تھی جو ایک گھنٹے میں بڑھ کر 53 ہو گئی ہے۔ زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔