سال نو مسلم طلبہ کیلۓ خوش آئند ثابت ہو: محسن شیرازی

تاثیر  02  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ 02/ جنوری (تاثیر بیورو) :تعلیمی میدان میں تعلیمی خدمات کے صلہ میں ملک و بیرون ممالک میں متعدد ایوارڈ سے سرفراز اور چنسورہ ابوٹ شیشو ہائر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل محسن علی شیرازی نے نۓ سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات ظاہر کی ہے کہ ملک وقوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ لیکن انہوں نے خاص طور سے مسلم طلبہ کے تعلق سے اس بات کی خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ تعلیمی میدان میں روز افزوں ترقی کریں۔ ملک کے موجودہ خوفناک سیاسی ماحول میں تعلیم ہی واحد ہتھیار ہے جس کی بدولت اس کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کا رونا رونے سے نہ ہی مسلمانوں کے کے حالات میں بدلاؤ آئیں گے اور نہ موجودہ سیاسی حالات کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ملک کے تمام مسلم اکابرین کو چاہئے کہ وہ اپنے مسلم بچوں کے لئے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لئے راہ ہموار کریں اور اس کے لئے ہر ممکن مدد کریں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آج تعلیم حاصل کرنے کے پہلے جیسے حالات اور مسائل نہیں ہیں۔ پہلے وسائل کی کمی بھی نہیں ہیں۔ ہاں موجودہ دور میں سیاسی حالات دگر گوں ضرور ہیں لیکن آزادی سے قبل کے حالات کو یاد کیجئے جب مسلمان کس دور سے گزر رہے تھے۔ بھلا ہو سر سید احمد خان کے جنہوں نے اس دور میں مسلمانوں کو حالات سے مقابلہ کرنے کے لئے تعلیم کو ہتھیار بنانے کا نسخہ کیمیا پیش کیا اور تعلیمی انقلاب پیش کیا۔ موجودہ صورتحال میں بھی مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کو ہی ہر مقابلہ کے ہتھیار بنائیں۔ میرے خیال میں ملک کے ماہر سائنس داں اور ملک کے صدر مرحوم اے پی جے عبدالکلام ایک اہم مثال ہیں جنہوں نے دگر گوں حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں آگے بڑھے اور اپنی ایک منفرد شناخت پیش کی۔ وہ میزائل مین کے نام سے مقبول ہوۓ۔ اس لئے آج کے خوفناک حالات میں بھی مسلمانوں اور اکابرین ملت کو چاہئے کہ وہ تعلیم کو ہی ہتھیار بنائیں اور اس کے سہارے سرخروئی حاصل کریں۔