تاثیر 11 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دبئی،11جنوری:امریکہ نے صدر جو بائیڈن کی مدت ملازمت ختم ہونے سے چند روز قبل روس کے انرجی سیکٹر کے خلاف وسیع پابندیوں کا اعلان کردیا۔ 180 سے زائد بحری جہاز اور دو بڑی تیل کمپنیوں پرپابندی لگائی گئی۔ برطانیہ نے بھی روسی تیل کے شعبے پر ایسی ہی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پابندیاں روسی توانائی کی آمدنی کو کم کرنے کے جی7 کے وعدے کو پورا کر رہی ہیں۔ ایک امریکی اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ روسی توانائی کے شعبے پر اب تک کی سب سے بڑی پابندیاں ہیں۔ مجموعی طور پر امریکہ نے نام نہاد “گھوسٹ فلیٹ” کے اندر موجود 183 آئل ٹینکر بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کیں۔ پابندی کی زد میں آنے والے بحری جہازوں میں سے کئی پر بارباڈوس اور پاناما کا پرچم لہراتے ہیں۔