پولیس حراست میں موت کے بعد توڑ پھوڑ، تھانہ انچارج سمیت 3 معطل

تاثیر 06  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مظفر پور6فروری:بہار کے مظفر پور میں تھانہ میں قیدی کی موت معاملے میں ایس ایس پی نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ایس ایچ او سدھاکر پانڈے سمیت تین لوگوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی نے انہیں معطل کر دیا ہے۔ واضح ہو کہ کانٹی تھانہ کے لاک اپ میں قیدی کی موت کے بعد اہل خانہ اور مقامی لوگوں میں شدید ناراضگی ہے۔ متوفی کے اہل خانہ اور کلواری گاو?ں کے لوگ ہنگامہ کررہے ہیں۔
دراصل کانٹی تھانہ میں پولیس حراست میں ایک نوجوان کی موت کے بعد مظفر پور میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔ کلواری گاؤں کے نوجوان شیوم کمار جھا کی بدھ کی رات کانٹی تھانہ کے لاک اپ میں مشتبہ حالات میں موت ہوگئی۔ پولیس حراست میں موت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شیوم کے خاندان اور کلواری گاؤں کے لوگ ہنگامہ کر رہے ہیں۔
اس پورے معاملے میں کانٹی پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نے لاک اپ میں خودکشی کی ہے۔ حالانکہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے شیوم کو دو دن قبل موٹر سائیکل چوری کے شبہ میں اٹھایا تھا۔ اس کے دو دوستوں کو بھی اٹھا لیا گیا۔ پولیس سب سے پوچھ گچھ کر رہی تھی۔