تاثیر 1 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،02اپریل:برلن نے اسرائیلی وزارت داخلہ کے اس اعلان کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ غزہ کی آبادی میں سیکڑوں افراد کو جنوبی اسرائیل کے رامون ہوائی اڈے سے فضائی راستے جرمنی منتقل کر دیا گیا ہے۔جرمنی کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ “غلط” ہے۔ ایکس پلیٹ فارم پر سرکاری اکاؤنٹ سے جاری پوسٹ میں وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ درحقیقت 19 جرمن شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو غزہ سے جرمنی منتقل کیا گیا ہے۔جرمنی نے ان 19 شہریوں کی منتقلی میں تعاون پر تل ابیب حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس سے قبل اسرائیلی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ منگل کے روز غزہ کے سیکڑوں باسیوں کو جنوبی اسرائیل میں رامون ہوائی اڈے سے طیارے کے ذریعے جرمنی کے شہر لائبزیگ پہنچا دیا گیا۔ ان افراد کے ہمراہ جرمن سفارت کار بھی تھے۔اسرائیلی کابینہ نے حال ہی میں ایک نئی کمیٹی بنانے کی منظوری دی تھی جو غزہ سے فلسطینیوں کے رضاکارانہ کوچ” کا عمل تیز کرنے کی ذمے دار ہو گی۔ اس کا مقصد غزہ کو خالی کرنے اور اس کی تعمیر نو سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کے ساتھ ہم آہنگی ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق مذکورہ نئی کمیٹی مقصود ممالک کی جانب زمینی ، سمندری اور فضائی راستے سے کوچ میں ہم آہنگی پیدا کرے گی۔منگل کو جاری ہونے والا بیان اسرائیل کی جانب سے مذکورہ پلان کے ضمن میں فلسطینیوں کے کوچ سے متعلق پہلا سرکاری اعلان ہے۔