تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
روہتاس،27اپریل: بہار کے روہتاس ضلع کے ڈہری بلاک واقع گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج میں اس وقت ہنگامہ مچ گیا جب طلباء کو دی جانے والی کھانے کی پلیٹوں میں کیڑے نکلنے لگے۔ جیسے ہی طلباء نے کھانے میں کیڑے دیکھے تو فوراً کھانا بند کر دیا ، کچھ طلباء نے الٹیاں بھی شروع کر دیں۔ واقعہ جمعہ کے روزپیش آیا، جب میس میں تیار کیا گیا کھانا ہاسٹل میں رہنے والے طلبہ کو پیش کیا گیا۔
طلباء نے کھانے میں کیڑے نکلنے کی شکایت لے کر کالج پرنسپل سے رابطہ کیا تو ان کا جواب سن کر وہ اور بھی چونک گئے۔ طالب علموں کے مطابق پرنسپل نے ان کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے کی طرح میس کا کھانا کھاتے رہیں جب تک کہ جانچ مکمل نہ ہو جائیں۔ یہ جواب سن کر طلبہ نے سر پکڑ لیا۔طالبات نے میس انچارج پر کئی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ طالب علم کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ کوئی نیا نہیں ہے بلکہ گزشتہ 6 ماہ سے مسلسل کھانے میں کیڑے یا دیگر ناپاک چیزیں مل رہی ہیں۔ طلباء یہ کھانا مجبوری میں کھاتے ہیں کیونکہ ان کے پاس باہر کا کھانا روزانہ کھانے کے پیسے نہیں ہوتے ہیں۔ کئی طلبا خراب کھانے کی وجہ سے ہاسٹل بھی چھوڑ چکے ہیں۔