پہلگام حملے کے خلاف کیرالہ میں زبردست احتجاج

تاثیر 26  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں کشمیر کے پہلگام میں پیش آئے دہشت گرادنہ حملے کے خلاف معدن اکیڈمی مالا پورم کی جانب سے زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام،طلبہ ،علما وسادات نے شرکت کی ۔جس میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ،دہشت گردی ہندوستان کی شکست نہیں دے سکتی ‘‘ قرار داد پر مبنی مظاہرہ کی قیادت کیرالہ مسلم جماعت کے جنرل سکریٹری ،معروف عالم دین ،بدرالسادات اور معدن اکیڈمی کے چیئر مین سید خلیل البخاری نے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے بہادر افراد کے سوگ میں انگریزی،ملیالم اور ہندی کے بینر تلے ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں ہمدردی ،اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر سید خلیل البخاری نے کہاکہ دہشت گردی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے ،ایسے افراد کی اسلامی تعلیمات میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔بخاری نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کی کوششوں میں ہم ہندوستانی حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف بلا تاخیر کاروائی کرنا ضروری ہے ، انسانیت کے قاتلوں کو سزادینا چاہئے ۔بخاری نے کشمیر میں پُرامن زندگی کی بحالی اور سیاحوں کی سلامتی پر زور دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی ،انتہا پسندی،تفرقہ انگیز ،مذہب ،ذات پات ،نسلی امتیازی اور تخریبی سیاست نے ہمارے اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کو ختم کرنے کی ناپاک کوشش کرتے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے ۔اس موقع پر پہلگام میںہلاک ہونے والوں کی یاد میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک کا اظہار کیا ۔اہم شرکا میںسمتھا ضلع سکریٹری پی ابراہیم باقومی ،سید محمد فاروق جمل الیل، سید جمل الیل تنگل ،سید شفیق بخاری ،سید احمد الکبیر بخاری ،ابو شاکر سلمان فیضی ،ابو الفضل الصدیق ،ابو بکر احسانی کے اسما قابل ذکر ہیں ۔