تاثیر 8 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 8 مئی:معروف اسلامی اسکالر مفتی صغیر احمد نے جمعرات کو کہا کہ جموں خطے کی تمام مساجد اور مدارس سرحدی کشیدگی کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے لیے کھلے ہیں۔اسی تناظر میں بھٹنڈی میں پاکستانی گولہ باری کے زخمیوں کے لیے خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔یہ کیمپ مدرسہ مرکز المعارف نے سماجی کارکنوں کی اپیل پر قائم کیا تھا تاکہ ضلع پونچھ میں بدھ کو ہونے والی شدید گولہ باری کے متاثرین کے لیے خون کا بندوبست کیا جا سکے، جس میں 13 افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہوئے تھا۔ادارے کے سربراہ مفتی صغیر نے بتایا کہ سرحدی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کیمپ اس لیے لگایا گیا ہے تاکہ اسپتالوں میں خون کی قلت نہ ہو۔ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس نازک وقت میں اپنے شہریوں کی ضرورت ہے اور یہی جذبہ ہمیں خون عطیہ کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ ہم نے اپنی مساجد و مدارس کو متاثرہ افراد کے لیے پناہ گاہوں کے طور پر تیار رکھا ہے۔