تاثیر 24 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لاتیہار، 24 مئی (ہ س)۔ لاتیہار-لوہردگا ضلع کی سرحد پر واقع ایچابار جنگل میں پولیس اور جے جے ایم پی (جھارکھنڈ جنم مکتی پریشد) کے نکسلیوں کے درمیان زبردست انکاؤنٹر ہوا۔ جے جے ایم پی سپریمو پپو لوہرا اور پربھات لوہرا انکاؤنٹر میں مارے گئے جبکہ ایک اور نکسلی زخمی ہو گیا۔
انکاؤنٹر میں ایک پولیس اہلکار کو بھی گولی لگی تھی اور اسے بہتر علاج کے لیے رمز ریفر کر دیا گیا ہے۔ پپو لوہرا پر 10 لاکھ جبکہ پربھات پر 5 لاکھ روپے کا انعام تھا۔ پلامو کے ڈی آئی جی وائی ایس رمیش نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ لاتیہار کے ایس پی کمار گورو کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جے جے ایم پی نکسلی کا ایک دستہ ایچابار جنگل میں جمع ہے۔ اطلاع کے بعد پولیس ٹیم نے جنگل میں تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران پولس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں دو نکسلی مارے گئے۔ فی الحال پولیس نے پورے جنگل کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تلاشی مہم چل رہی ہے۔