تاثیر 12 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،12مئی:امریکی ریاست نیو جرسی میں واقع نیوارک لیبرٹی بین الاقوامی ہوائی اڈا، جو ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، ان دنوں ٹیکنالوجی کی خرابیوں اور عملے کی کمی کا شکار ہے۔ اسی پس منظر میں امریکی وزیرِ نقل و حمل، شون ڈافی نے اتوار کے روز ایک ٹی وی انٹرویو میں خبردار کیا کہ جیسے جیسے مصروف گرمیوں کا سفری موسم قریب آ رہا ہے، دیگر امریکی ہوائی اڈے بھی اسی قسم کی مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں۔
شون ڈافی، جنھوں نے حال ہی میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے قومی نظام کو جدید بنانے اور مرمت کے لیے اربوں ڈالر کا مجوزہ منصوبہ پیش کیا ہے، بدھ کے روز واشنگٹن ڈی سی میں بڑی فضائی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے تاکہ نیوارک میں پروازوں کی تعداد کم کرنے کے لیے کوئی منصوبہ تیار کیا جا سکے۔ تاہم امریکی اخبار “نیویارک ٹائمز” کے مطابق، یہ واضح نہیں کہ کتنی پروازوں میں کمی کی جا سکتی ہے۔