تاثیر 12 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
قاہرہ،12مئی:اتوار کے روز حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں قید اسرائیلی-امریکی فوجی عیدان الیگزینڈر کو رہا کر دے گی۔ یہ اعلان اس کے عہدیداروں کی جانب سے دوحہ میں امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے اعلان کے فوراً بعد کیا گیا ہے۔ ان مذاکرات میں جنگ بندی اور غزہ میں امداد کی ترسیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حماس کے وفد کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی، گزرگاہیں کھولنے اور غزہ کی پٹی میں ہمارے عوام کے لیے امداد اور ریلیف کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے تحت اسرائیلی – امریکی دوہری شہریت کے حامل فوجی عیدان الیگزینڈر کو رہا کیا جائے گا۔انہوں نے زور دیا ہے کہ تحریک فوری طور پر بھرپور مذاکرات شروع کرنے اور جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایک باخبر ذرائع نے انکشاف کیا کہ یرغمالی فوجی الیگزینڈر کی رہائی اگلے منگل کو عمل میں آئے گی۔