تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 15 مئی:بہار کے بیگوسرائے سے نئی دہلی جانے والی نجی سلیپر بس (یو پی اے ٹی اے 6372) میں جمعرات کی صبح لکھنؤ کے کسان پتھ پر آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے تمام لاشوں کی شناخت کر لی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے، ایک خاتون، ایکلڑکی اور ایک نوجوان شامل ہے۔ واقعے کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر بس سے نیچے اتر کر فرار ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی) نپون اگروال نے بتایا کہ ایک نجی سلیپر بس تقریباً 80 مسافروں کو لے کر بہار کے بیگوسرائے سے دہلی جا رہی تھی۔ لکھنؤ-رائے بریلی روڈ، موہن لال گنج، کسان پتھ، لکھنؤ پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک بس میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد بھی بس تقریباً ایک کلومیٹر تک چلتی رہی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ فائر بریگیڈ نے تقریباً آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔ شیشے توڑ کر تمام مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ آگ بجھانے کے بعد جب پولیس تفتیش کے لیے بس کے اندر گئی تو انہیں پانچ افراد کی جلی ہوئی لاشیں ملیں۔ کچھ مسافر جھلس گئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا۔