تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 13 مئی:سرحد پار سے کی جانے والی پاکستانی گولہ باری نے ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا زیاں کیا بلکہ عوامی و نجی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سرحدی سیکٹر ساوجیاں اس حملے سے بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں درجنوں رہائشی مکانات تباہ ہو چکے ہیں اور اب رہائش کے قابل نہیں رہے۔مقامی ذرائع کے مطابق کئی علاقوں میں ابھی بھی بغیر پھٹنے والے شیلز موجود ہیں، جنہیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے ناکارہ بنانے کی کارروائی جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔متاثرہ لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کے نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور جلد از جلد مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگیوں کا آغاز کر سکیں۔ سرحدی عوام کا کہنا ہے کہ وہ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور حکومت سے عملی امداد کی فوری توقع رکھتے ہیں۔