تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 13 مئی: بہار کے بھاگلپور میں نوگچھیا کے جھنڈا پور تھانہ علاقہ میں این ایچ 31 پر پیر کی دیررات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اینٹ۔ بھٹہ کے قریب تیز رفتار ٹرک اور ہائیواکی ٹکر ہوگئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اس حادثے میں ہائیوا ڈرائیور کی موقع پر ہی جل کر دردناک موت ہوگئی۔ جبکہ ٹرک ڈرائیور اورخلاصی کسی طرح جان بچا کر فرار ہوگیا۔
متوفی ہائیوا ڈرائیور کی شناخت بانکا ضلع کے بیسی تھانہ علاقہ کے گجیا ڈیہہ رہائشی سبھاش یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ سبھاش سکھ دیو یادو کا بیٹا تھا اورپاکوڑ سے کھگڑیا کی طرف گٹی لوڈ کر کے جارہا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جھنڈا پور او پی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے سب ڈویزنل اسپتال نوگچھیا بھیج دیا گیا۔