تاثیر 2 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،02مئی:اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے طولکرم اور نور شمس پناہ گزین کیمپوں میں 100 سے زیادہ گھروں کو مسمار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس مقصد کے لیے متاثرہ گھروں کے نقشے تقسیم کر دیے گئے ہیں۔فوج کی جانب سے جاری فیصلے پر ضابطے کے مطابق دستخط، مغربی کنارے میں تعینات اسرائیلی فوج کے کمانڈر آفی بلوط نے کیے۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ گھروں کی مسماری “خالص فوجی مقاصد کے لیے” کی جا رہی ہے۔نقشوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان گھروں کا انتخاب غالباً کیمپوں کے درمیان راستے بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ مسماری کارروائیاں 24 گھنٹوں کے اندر انجام دی جائیں گی۔
طولکرم اور نور شمس کیمپوں کی عوامی کمیٹیوں، اداروں اور سماجی تنظیموں نے عالمی برادری سے فوری مداخلت اور مدد کی اپیل کی ہے۔ ااس سلسلے میں ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم آج اس غیرقانونی صہیونی فیصلے سے حیران و پریشان ہیں، جس کے تحت طولکرم کیمپ میں 58 اور نور شمس کیمپ میں 48 گھروں کو منہدم کرنے کا حکم دیا گیا ہے”۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ”اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل، اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اسرائیلی قبضے کو فوری طور پر روکیں … اور ہمارے عوام پر مغربی کنارے اور غزہ میں جاری جارحیت کے خلاف کارروائی کریں”۔ساتھ ہی زور دے کر کہا گیا ہے کہ جو کچھ ان کیمپوں میں ہو رہا ہے وہ منظم تباہی، جبری نقل مکانی، گھروں کو جلانا، گرانا اور دھماکے سے اڑانا ہے۔