تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) مورخہ 8 مئی کو ایک خاتون کی لاش مشکوک حالات میں ملی تھی جس کا معاملہ اب سامنے آیا ہے ۔ پولس نے متوفی کے شوہر سنتوش پال عرف نیبو کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے پوچھ گچھ کے دوران اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے ۔ یہ واقعہ چناری تھانہ علاقہ میں پیش آیا تھا ۔ پولس کے مطابق بتایا گیا کہ شاہ پور کے رہنے والے سنتوش پال کا اپنی بیوی سروج دیوی سے جھگڑا چل رہا تھا، جس نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا، جسکے بعد سنتوش نے اسے ڈنڈے سے پیٹ کر قتل کر دیا تھا اور قتل کے بعد لاش کو گاؤں سے تقریباً 500 میٹر دور گجراڑھ کے قریب کھیت کے کنارے پر پانی بھرنے والی جگہ پر پھینک دیا تھا ۔ متوفی کے والدین گائے گھاٹ گاؤں غازی پور اتر پردیش کے رہنے والے ہیں جنہوں نے سنتوش پال پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے چناری تھانے میں ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی ۔ سروج کے بھائی پنٹو پال نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور اپنی بہن کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا ۔ ڈی ایس پی فاریسٹ دلیپ کمار نے بتایا کہ پولس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ملزم اپنے گاؤں شاہ پور میں چھپا ہوا ہے اس لئے چھاپہ مارا گیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ پوچھ گچھ کے دوران سنتوش نے پولس کو قتل کی پوری کہانی سنائی، پولس اب قتل میں استعمال ہونے والے ڈنڈے کی برآمدگی اور واقعہ سے متعلق دیگر پہلوؤں کی تفتیش کر رہی ہے، ملزم کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا ہے ۔