تاثیر 19 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 19 مئی :ریاستی محکمہ تعلیم کے ہیڈکوارٹر’وکاس بھون‘ کے باہر اساتذہ کے احتجاج کے بارے میں، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو کہا کہ وہ اس احتجاج کے خلاف نہیں ہیں، لیکن اس میں باہر کے لوگوں کی بہت زیادہ شمولیت ہے۔ انہوں نے کہا، ’اساتذہ کی تعداد کم ہے، جب کہ باہر والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ میں کسی کو نہیں روکتی، لیکن کسی کو بھی مجھے روکنے کا حق نہیں ہے۔‘
وزیراعلیٰ نے مظاہرے کے دوران گیٹ توڑنے اور لوگوں کو زبردستی عمارت میں بند کرنے کے واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے اور ریاستی حکومت نے نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ حکومت پر اعتماد رکھیں۔