تاثیر 14 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 14 مئی: پولیس نے مغربی بنگال کے بانکوڑہ ضلع کے وشنو پور سے انصار غزوۃ الہند سے وابستہ ایک مشتبہ نوجوان دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ دہشت گرد تنظیم اپنے بھارت مخالف اور بنیاد پرست نظریات کے لیے بدنام ہے۔ دہشت گرد کا نام مشتاق منڈل ہے۔ وہ بانکوڑہ ضلع کے دور افتادہ بوگدوہارا گاؤں کا رہنے والا ہے۔
پولیس نے مشتاق منڈل کو منگل کو اس کے گھر سے حراست میں لیا اور بعد میں طویل پوچھ گچھ کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ ایک ضلع عہدیدار نے آج بتایا کہ مشتاق کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر طویل عرصے سے نظر رکھی جارہی تھی۔ اس پر بھارت مخالف پیغامات پوسٹ کرنے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا الزام ہے۔ تفتیش کے دوران انصار غزوۃ الہند سے اس کے روابط کے اشارے ملے۔ اس کے بعد پولیس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی۔