گنگا میں نہاتے ہوئے دو طالب علموں کی ڈوب کر موت، اہل خانہ صدمے میں

تاثیر 6 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 06 مئی:بھیلوپور تھانہ علاقے کے ہنومان گھاٹ پر منگل کو گنگا ندی میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے دو طالب علموں کی المناک موت ہو گئی۔ حادثے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور غوطہ خوروں کی مدد سے دونوں نوجوانوں کی لاشیں دریا سے باہر نکالیں۔ مرنے والوں کی شناخت مدھیہ پردیش کے سنگرولی کے رہنے والے آدتیہ رائے (18) اور اتر پردیش کے مرزا پور کے رہنے والے وراٹ رائے (19) کے طور پر ہوئی ہے۔
بھیلوپور پولیس نے بتایا کہ متوفیوں کے اہل خانہ کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے اور وہ وارانسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ دونوں طالب علم یہاں سنکٹ موچن مندر کے قریب ایک پرائیویٹ ہاسٹل میں رہ کر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر رہے تھے۔ متوفی وراٹ کے دوستوں ویبھو اور آدرش سنگھ نے بتایا کہ چاروں دوست سیر و سیاحت اور پوجا کے لیے وارانسی آئے تھے۔