اردو داں طلبہ حوصلہ افزائی اسکیم کے تحت تقریری مسابقہ 5 یا 13 مئی کو متوقع

تاثیر 2 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 2 مئی-محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومت بہار کی اردو داں طلبہ وطالبات حوصلہ افزائی اسکیم کے تحت مالی سال 25-2024 کا تقریری مسابقہ ضلع اردو زبان سیل دربھنگہ کلکٹریٹ کے زیر اہتمام کلکٹریٹ کیمپس میں واقع امبیڈکر سبھاگار میں 5 یا 13 مئی کو متوقع ہوگا۔ موضوعات میں:میٹرک کے لیے: نظم اور رباعی: تعریف وتوضیح،انٹرمیڈیٹ کے لیے؛فن افسانہ نگاری: ایک جائزہ،گریجویشن کے لیے:ناول نگاری: آغاز وارتقا اردو داں طلبہ وطالبات سے گزارش ہے کہ بڑی تعداد میں شریک ہوکر اپنی استعداد وصلاحیت کا مظاہرہ کرکے انعامات کے حقدار بنیں۔قابل ذکر ہے کہ ہر زمرے سے آٹھ آٹھ طلبہ وطالبات کو انعامات کی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں بھیجی جائے گی۔ ساتھ ہی سرٹیفیکیٹ اور میڈل سے نوازا جائے گا۔کل 24 طلبہ وطالبات کے درمیان پوزیشن کے اعتبار سے 99 ہزار روپے کی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جائے گی۔ گریجویشن زمرے میں پہلی پوزیشن کی رقم 6500 روپے ہے، دوسری پوزیشن تین مساہمین کی ہوگی اور ان کے انعام کی رقم ہر ایک کے لیے 5500 روپے ہوگی۔تیسری پوزیشن کے لیے چار کا انتخاب ہوگا اور ہر ایک کو 4500 روپے بطور انعام ان کے اکاؤنٹ میں بھیجے جائیں گے۔انٹرمیڈیٹ زمرے کے لیے پہلی پوزیشن کی رقم 5500 روپے ہے۔دوسری پوزیشن تین افراد کی ہوگی اور ہر ایک کو 4500 روپے دیے جائیں گے۔تیسری پوزیشن چار افراد کی ہوں گی اور ہر ایک کو 3500 روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔میٹرک زمرے میں اول پوزیشن کی رقم 4500 روپے مختص ہے۔ دوسری پوزیشن کے لیے 3500 ہے دوسری پوزیشن کے لیے چار طلبہ و طالبات کا انتخاب ان کی پش کش کی بنیاد پر ہوگا۔ اور تیسری پوزیشن کے لیے 2500 روپے ہے، جس کے لیے چار طلبہ وطالبات کا انتخاب ان کی پیش کش کی بنیاد پر حکم صاحبان کریں گے اور انعامات کی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جائیں گی۔مزید تفصیلات کے لیے دفتر ضلع اردو زبان سیل، دربھنگہ کلکٹریٹ رابطہ کیا جاسکتا ہے۔