تاثیر 7 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 07 مئی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان اورمقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے حملوں کے تناظر میں کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کو مکمل طور پر مسترد کرنے کی پالیسی پر کام کرنا چاہیے۔
اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ایک لائن میں، وزیر خارجہ نے کہا، ’’دنیا کو دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک سرکاری بیان میں کہا تھا کہ ہندوستان نے محدود اور درست کارروائی کرتے ہوئے آج پاکستان اور اس کے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں واقع دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق ان حملوں میں کسی پاکستانی شہری، فوجی یا اقتصادی انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا۔ اس بیان میں کہا گیا کہ یہ توقع تھی کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ دو ہفتے گزر جانے کے باوجود پاکستان نے تردیدوں اور جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔