تاثیر 28 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 28 جون :وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کے روز باپو آڈیٹوریم میں 21,391 نئے تعینات کانسٹیبلوں کو تقرری نامہ تقسیم کئے۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 24 نومبر 2005 کو نئی حکومت بننے کے بعد سے ریاست میں قانون کی حکمرانی ہے اور ریاستی حکومت مسلسل ترقیاتی کاموں میں لگی ہوئی ہے۔ آج کی بھرتی کے بعد بہار پولیس میں خواتین کی تعداد بڑھ کر تقریباً 36 ہزار ہو گئی ہے جو کہ ملک کی کسی بھی ریاست سے زیادہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ان کی حکومت بننے سے پہلے پچھلی حکومت میں کیا صورتحال تھی۔ شام کے بعد لوگ گھروں سے باہر نہیں نکلتے تھے۔ امن و امان کی صورتحال خراب تھی۔ 24 نومبر 2005 کو ریاست میں نئی حکومت کے قیام کے وقت بہار پولیس میں کام کرنے والی فورس کی تعداد بہت کم تھی۔ اس وقت منظور شدہ پولیس فورس کی تعداد تقریباً 51 ہزار تھی۔ اس کے مقابلے میں صرف 42 ہزار 481 پولیس اہلکار کام کر رہے تھے۔