تاثیر 17 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 17 جون : غازی پور ضلع کی پولیس نے مافیا ڈان مختار انصاری کی مفرور بیوی افشا انصاری کے ایس بی آئی اکاونٹ میں جمع کل 8 لاکھ 91 ہزار 268 روپے کی رقم منجمد کر دی ہے۔
غازی پور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ارار راجا نے صحافیوں کو بتایا کہ کوتوالی تھانے کے انسپکٹر نے لکھنؤ میں یوپی سول سکریٹریٹ کی اسٹیٹ بینک آف انڈیا برانچ سے پچاس ہزار روپے کی انعامی مفرور افشا انصاری کے بینک اکاونٹ کے بارے میں معلومات مانگی ۔ اس کے بعد انسپکٹر نے بینک حکام سے بات کی اور تمام معلومات شیئر کیں۔ اس کے بعد بینک حکام نے افشا انصاری کے بینک اکاؤنٹ نمبر 10223102494 میں جمع رقم کو منجمد کر دیا۔
غازی پور ضلع کے پولیس ریکارڈ میں آئی ایس-191 گینگ کا نام مختار انصاری کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ مختار کی بیوی افشا انصاری کے خلاف کوتوالی تھانہ غازی پور میں دفعہ 406، 420، 386، 506 کے تحت لوگوں کو دھمکیاں دینے، جبراً وصولی، دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ افشا پر یوپی گینگسٹر ایکٹ بھی لگا دیا گیا ہے۔ افشا کے فرار ہونے کے بعد، یوپی پولیس نے اس پر انعام رکھا ہے۔