تاثیر 30 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 30 جون:مہاراشٹر میں پرائمری سطح پر ہندی زبان کے نفاذ کے حکومتی فیصلے پر شدید ردعمل کے بعد شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے پیر کو ودھان بھون کے باہر اپوزیشن اراکین کے ہمراہ احتجاج کیا۔ “می مراٹھی” کے پلے کارڈز تھامے ٹھاکرے، امباداس دانوے، بھاسکر جادھو اور دیگر لیڈران نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی دباؤ کے باعث ہی حکومت کو ہندی سے متعلق جی آرز واپس لینے پر مجبور ہونا پڑا۔
آدتیہ ٹھاکرے نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کو اقتدار ہونے کے باوجود اپوزیشن، عوام اور سماجی حلقوں کی مخالفت کی بنا پر اپنی ہی قراردادیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت اس پالیسی سے متعلق باضابطہ تحریری فیصلہ جاری نہیں کرتی، اپوزیشن دباؤ برقرار رکھے گی، کیونکہ موجودہ حکومت پر اعتماد کرنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھی عوام کو دہلی کے سامنے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔