تاثیر 30 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 30 جون :سپریم کورٹ نے آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی کی اس درخواست کو خارج کر دیا ہے، جس میں انہوں نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے فارن ایکسچینج ایکٹ (فیما) کی خلاف ورزی کے معاملے میں ان پر عائد 10 کروڑ 65 لاکھ روپے کی وصولی کی درخواست کی تھی۔ جسٹس پی ایس نرسمہا کی سربراہی والی تعطیلی بنچ نے کہا کہ للت مودی اگر چاہیں تو دیگر قانونی آپشنز آزما سکتے ہیں۔
للت مودی نے اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے حکم کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ بامبے ہائی کورٹ نے 19 دسمبر 2024 کو درخواست کو خارج کرتے ہوئے للت مودی پر ایک لاکھ کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ للت مودی کا کہنا ہے کہ جب وہ بی سی سی آئی کے نائب صدر تھے تو آئی پی ایل کے چیئرمین تھے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں بی سی سی آئی کے بائی لاز کے مطابق معاوضہ دیا جائے۔